According to the Quran-e-Karim, all mankind are equal(تمام انسان برابر ہیں),& that Allah does not look to our race or color, but to our piety and righteous actions.[49:13]

Awam Encyclopedia

Encyclopedia about Castes & Tribes in Urdu and English, Castes and Tribes History, People, Customs, Culture and all abouts in Urdu and English.


تعلیم و تربیت
آپ کے والد بزرگوار نے آپ کی تعلیم کے لیے نہایت اہتمام فرمایا۔ ابتدا میں رسائل محاورہ فارسی اپنے والد ماجد سے پڑھے، کلام اللہ شریف مع تجوید و قرأت قاری عبد الرحیم اور علم الحدیث و تفسیر حاجی محمد افضل سیالکوٹی شاگرد شِخ المحدیثین شیخ عبد اللہ بن سالم مکی سے حاصل کی۔ ان علوم کے علاوہ میرزا صاحب کو دیگر فنون میں بھی کافی مہارت حاصل تھی، بالخصوص فن سپاہ گری میں آپ کو اس قدر مہارت حاصل تھی، فرماتے تھے کہ اگر بیس آدمی تلواریں کھینچ کر مجھ پر حملہ کریں اور میرے پاس ہاتھ میں صرف ایک لاٹھی ہو تو ایک آدمی بھی مجھے زخم نہیں پہنچا سکتا۔ نیز فرماتے ہیں کہ ایک بار مست ہاتھی راہ میں آ رہا تھا، میں گھوڑے پر سوار سامنے سے آگیا۔ فیل بان نے شور مچایا کہ ہٹ جاؤ، دل نے گوارا نہیں کیا کہ ایک بے جگر حیوان کے مقابلے سے ہٹ جاؤں۔ چنانچہ ہاتھی نے نہایت غضب کی حالت میں مجھے سونڈ میں لپیٹ لیا۔ میں نے خنجر نکال کر اس کی سونڈ میں مارا، اس نے چیخ مارکر مجھے دور پھینک دیا اور میں بفضل تعالٰیٰ محفوظ رہا۔

سلسلہ نقشبندیہ کی ترویج
جانِ جاناں مشہور صوفی سلسلہ نقشبندیہ جو شیخ الانوار سمر قند و بخارا بہاؤ الدین نقشبند کا قائم کردہ ہے ہندوستان میں اس سلسلہ کے مشہور موئد مانے جاتے ہیں۔

آثار رشد و ہدایت
میرزا صاحب فرماتے تھے کہ شور عشق و محبت اور رغبت اتباع سنت میری طینت کے خمیر میں تھے۔ میں نو سال کا تھا کہ ابراہیم خلیل اللہ کو خواب میں دیکھا کہ بکمال عنایت پیش آئے۔ ان ہی ایام میں جب کبھیصدیق اکبر کا ذکر مبارک آتا تھا تو ان کی صورت مبارک میرے سامنے آجاتی تھی۔ میں نے با رہا ان کو چشم ظاہر سے دیکھا اور اپنے حال پر بہت مہربان پایا۔ ایک مرتبہ آپ کے والد آپ کو اپنے پیر شاہ عبد الرحمٰن قادری کی خدمت میں لے گئے۔ آپ فرماتے ہیں کہ شاہ صاحب سے کرامتیں ظاہر ہوتی تھیں، مگر نماز میں تساہل فرمایا کرتے تھے۔ مجھے ڈر تھا کہ مبادا میرے والد صاحب مجھے ان سے بیعت نہ کروا دیں۔ ایک دن میں نے پوچھا کہ عبد الرحمٰن نماز میں تساہل کس لیے کرتے ہیں۔ والد صاحب نے فرمایا ان پر سکر غالب ہے وہ معذور ہیں۔ میں نے عرض کیا کہ ادائے نماز میں سکر غالب ہوجاتا ہے، مگر دوسرے امور میں ہوشیار رہتے ہیں۔ یہ سن کر میرے والد صاحب خفا ہو گئے، مگر میرے دل سے بیعت کرانے کا کھٹکا نکل گیا۔

میرزا مظہر کی عمر مبارک جب سولہ سال کی ہوئی تو آپ کے والد بزرگوار نے اس جہان فانی سے کوچ فرمایا۔ والد کی وفات کے بعد آپ کے رشتہ دار شاہی منصب کے حصول کے لیے مغل بادشاہ فرخ سیر کے دربار میں لے گئے۔ اتفاق سے بادشاہ کو عارضہ زکام تھا، وہ دربار میں نہیں آیا۔ اسی رات آپ نے خواب دیکھا کہ ایک درویش نے اپنے مزار سے نکل کر اپنی کلاہ آپ کے سر پر رکھ دی۔ اس خواب کے بعد منصب و جاہ کی رغبت آپ کے دل میں بالکل نہ رہی اور درویشوں کی زیارت کا شوق غالب ہوا۔ جہاں کہیں کسی صاحب کمال کا نام سنتے اس کی زیارت کو تشریف لے جاتے۔

مظہر جان کے اربعہ مشائخ
اٹھارہ سال کی عمر میں کچھ احباب سے سید نور محمد بدایونی کے کمالات سن کر ان کی خدمت میں حاضر ہونے کا قصد فرمایا۔ میرزا مظہر فرماتے ہیں کہ ” سید کے اوصاف حمیدہ سن کر میرا دل بے اختیار ان کی قدم بوسی کا مشتاق ہو گیا۔ اگرچہ سید کی عادت مبارکہ تھی کہ بغیر استخارہ مسنونہ کے کسی کو تلقین طریقہ نہ فرماتے تھے، مگر اس وقت بغیر درخواست کے مجھ سے فرمایا کہ آنکھیں بند کرکے قلب کی طرف متوجہ ہوجاؤ اور ایک ہی توجہ میں میرے لطائف خمسہ کو ذاکر بناکر رخصت کر دیا۔ آپ کی توجہ کی تاثیر نے باطن کو ایسا متاثر کر دیا کہ دوسرے روز صبح کو جو میں نے سید کی خدمت میں حاضر ہونے کا قصد کیا اور حسب عادت آتے وقت آئینے میں اپنی صورت دیکھی تو بعینہ سید کی صورت پائی۔ اس سے محبت اور عقیدت اور زیادہ ہو گئی۔ بالجملہ چار سال آپ نے معاملہ کو ولایت علیا تک پہنچادیا اور مجھے اجازت معہ خرقہ عنایت فرمائی۔“

سید نور محمد بدایونی کے وصال کے بعد میرزا مظہر نے چھ برس تک سید کے مزار مقدس سے اقتباس انوار کا طریقہ اختیار کیا۔ بعد ازاں سید نے بار بار خواب میں یہ تاکید کی کہ کمالات الٰہی بے نہایت ہیں، اپنی عمر متناہی کو طلب میں صرف کرنا چاہیے۔ قبور سے استفادہ معمول نہیں، کسی زندہ بزرگ سے مقامات قرب کی تحصیل کرنی چاہیے۔ چنانچہ اس ارشاد کی تعمیل میں میرزا نے بزرگان وقت کی طرف رجوع کیا۔ پہلے شاہ گلشن کی خدمت میں حاضر ہوئے، اس کے بعد محمد زبیر قیوم رابع کی خدمت میں پہنچ کر فیضیاب ہوئے، پھر حاجی محمد افضل اورحافظ سعداللہ کی خدمت اقدس میں سالوں رہ کر باطنی دولت سے مالامال ہوئے۔ آخر میں آپ نے محمد عابد سنامی خلیفہ عبد الاحد سرہندی کی طرف رجوع فرمایا۔ عرصہ سات سال تک ان کی توجہات کی بدولت میرزا نے کمالات ثلاثہ و حقائق سبعہ وغیرہ ختم کیے۔ میرزا کو محمد عابد سنامی سے سلسلہ قادریہ کے علاوہ طریقہ چشتیہ اور سہروردیہ میں بھی اجازت ملی۔

ارشاد و تلقین
میرزا پورے گیارہ سال محمد عابد کی خدمت میں رہے۔ ان کی وفات کے بعد آپ نے مسند خلافت کو زینت بخشی۔ طالبانِ خدا نے ہر طرف سے آپ کی طرف رجوع کیا۔ علما و صلحاء کسب فیوض کے لیے آپ کی خانقاہ میں جمع ہو گئے اور آپ کے کمالات کی شہرت دور دور تک پہنچ گئی۔ ابتدائے حال میں آپ کی توجہ کی تاثیر سے لوگوں میں بے تابی پیدا ہوجاتی اور کمال استغراق کے سبب بیخود ہوجایا کرتے۔ طالبوں کی تہذیب نفوس جیسا کہ آپ کی خدمت میں ہوتی تھی، بزرگان سلف کے وقت میں کبھی ہوتی ہوگی۔ مشائخ کرام آپ کی نسبت فرماتے تھے کہ جو فیض طالب خدا کو فقط آپ کی صحبت سے پہنچتا تھا وہ دوسروں کی ہمت و توجہ سے بھی حاصل نہیں ہوتا تھا۔ چنانچہ ایک شخص آپ کی خدمت میں حاضر ہو کر خواجہ میر درد کی زیارت کے لیے گیا۔ خواجہ نے دیکھتے ہی فرمایا ”تم شاید میرزا کے مرید ہو گئے ہو کیونکہ تمہارا باطن نسبت مجددیہ کے انوار سے معمور ہے۔“ اس نے عرض کیا کہ نہیں میں تو صرف ان کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔ شاہ ولی اللہ دہلوی فرماتے تھے اللہ تعالٰیٰ نے ہمیں کشف صحیح عطا کیا ہے کہ روئے زمین کے تمام حالات ہم سے پوشیدہ نہیں اور ہتھیلی کے خطوط کے مانند عیاں ہیں۔ اس وقت میرزا جان جاناں کا مثل کسی اقلیم و شہر میں نہیں ہے۔ جس شخص کو سلوک مقامات کی آرزو ہو وہ ان کی خدمت میں جائے۔ چنانچہ شاہ صاحب کے احباب نے حسب الامر میرزا کی خدمت میں استفادہ کے لیے رجوع کیا۔

میرزا مظہرکی توجہ عالی اس پر مصروف تھی کہ سلسلہ مجددیہ تمام عالم میں پھیل جائے اور اس طریقہ مجددیہ کی نسبتوں سے جہان منور ہو جائے۔ چنانچہ ہزا رہا آدمی آپ سے بیعت ہوکر دوام ذکر خدا میں مشغول ہوئے اور قریب دو سو نیک نفوس آپ سے اجازت تعلیم ذکر پاکر خلق خدا کی ہدایت میں مشغول ہوئے۔ غرض کہ میرزا تیس سال اپنے مشائخ کی خدمت میں کسب انوار و برکات کرکے نہایت کمال و تکمیل کے مرتبہ پر پہنچ گئے اور 35سال طالبان خدا کی تلقین میں مشغول رہ کر نیک آثار صفحہ روزگار پر چھوڑ گئے۔

اخلاق و عادات
میرزا کمال زہد و توکل سے متصف تھے اور دنیا اور اہل دنیا کی کچھ پروا نہیں کرتے تھے اور دنیا داروں کے ہدیے قبول نہ فرماتے۔ ایک دفعہ محمد شاہ مغل بادشاہ نے اپنے وزیر قمرالدین کی زبانی کہلا بھیجا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم کو ملک عطا فرمایا ہے، جس قدر دل مبارک میں آئے بطور ہدیہ قبول فرمائیں۔ آپ نے فرمایا کہ ارشاد باری تعالیٰ یوں ہے ”“ اللہ تعالٰیٰ نے ہفت اقلیم کو قلیل فرمایا ہے، تمہارے پاس اس قلیل کا ساتواں حصہ یعنی ایک اقلیم ہندوستان ہے، اس میں سے کیا قبول کروں۔

نواب نظام الملک نے تیس روپیہ بطور نیاز پیش کیا، آپ نے قبول نہ فرمایا۔ نواب نے عرض کیا آپ راہ خدا میں تقسیم فرمادیں۔ فرمایا کہ میں تمہارا خانساماں نہیں، یہاں سے تقسیم کرنا شروع کردو گھر تک ختم ہو جائے گا۔ فرماتے تھے کہ اگرچہ ہدیہ کے رد کرنے سے منع کیا گیا ہے، لیکن اس کے قبول کرنے کو واجب بھی نہیں بتایا گیا۔ جو مال کہ یقینی طور پر حلال ہو اس کے لینے میں برکت ہے۔ فقیر اپنے اصحاب کے ہدیئے جو اخلاص سے لاتے ہیں قبول کرلیتا ہے، امیروں کا مال اکثر مشتبہ ہوتا ہے اور لوگوں کے حقوق اس سے متعلق ہوتے ہیں، قیامت کے دن اس کا حساب دینا دشوار ہوگا۔

ایک دفعہ ایک امیر نے آموں کا ہدیہ آپ کی خدمت میں بھیجا، آپ نے واپس کر دیا۔ اس نے بڑی منت سماجت کے بعد دوبارہ بھیجے، آپ نے دو آم رکھ لیے اور باقی واپس کر دیے اور فرمایا کہ فقیر کا دل اس ہدیہ کو قبول کرنے سے انکار کرتا ہے۔ اسی وقت ایک باغبان آپ کی خدمت میں شکایت لایا کہ فلاں امیر نے میرے آم ظلم سے لے لیے، ان میں سے کچھ آپ کی خدمت میں بھیجے ہیں، میری مدد کیجئے۔ آپ نے فرمایا سبحان اللہ یہ ناعاقبت اندیش لوگ چھینے ہوئے ہدیوں سے فقیر کا باطن سیاہ کرنا چاہتے ہیں۔

مکاشفات و کرامات
میرزا اپنے وقت میں دیگر مشائخ خاندان سے اس امر میں ممتاز تھے کہ آپ کا کشف مقامات الٰہیہ صحیح و مطابق نفس الامر ہوتا تھا اور طالبوں کو طریقہ مجددیہ کے مقامات کی غایت تک سلوک طے کراتے تھے۔ آپ اپنے مریدوں کو مقامات عالیہ کی بشارتیں دیا کرتے تھے، اس پر بعض افغانوں نے دل میں انکار کیا۔ آپ نے نور فراست سے دریافت کرکے فرمایا اگر تمہیں اعتبار نہیں تو گذشتہ اکابرین میں سے کسی کو مقرر کرلو تاکہ اس کی روح ظاہر ہوکر ان بشارتوں کے صحیح ہونے کی شہادت دے۔ انہوں نے عرض کیا کہ اگر حضور سرور عالم ﷺ تصدیق فرمائیں تو یہ تصدیق معتبر ترین ہے۔ چنانچہ آپ مع احباب کے ساتھ جناب پیغمبر خدا ﷺ کی روح مبارکہ پر فاتحہ پڑھ کر متوجہ ہوکر بیٹھ گئے۔ حضورسرور کائنات ﷺ نے ظاہر ہوکر منکرین کی سرزنش فرمائی اور فرمایا کہ میرزا صاحب کی بشارتیں سب صحیح ہیں۔

ایک روزایک فاحشہ عورت کی قبر پر مراقبہ میں بیٹھ گئے۔ فرمایا کہ اس کی قبر میں دوزخ کی آگ شعلہ زن ہے اور وہ عورت شعلوں کے ساتھ اوپر جاتی ہے اور نیچے آتی ہے۔ اس کے ایمان میں مجھے شک ہے مگر کلمہ طیبہ کا ختم اس کی روح کو بخشتا ہوں، اگر ایمان کے ساتھ مری ہے تو بخشی جائے گی۔ چنانچہ کلمہ طیبہ کے ختم کا ثواب پہنچاکر فرمایا کہ الحمد للہ ایمان کے ساتھ مری تھی، اس کلمہ کی برکت سے عذاب سے نجات پاگئی۔ ایک بے ادب شخص نے حضرت کے مکشوفات سے انکار کرکے بطور امتحان عرض کیا کہ یہ میرے ایک دوست کی قبر ہے، اس کا حال دریافت کیجئے۔ آپ نے سکوت کے بعد فرمایا کہ جھوٹ نہ بول، یہ تو ایک عورت کی قبر ہے تمہارے دوست کی قبر نہیں ہے۔ میرزا کے کشف و کرامات بہت ہیں۔ ہم نے یہاں صرف چند ایک نقل کردینے پر اکتفا کیا ہے، کیونکہ حقیقی کرامت آقائے دوجہاں ﷺکی اتباع پر استقامت اور طالبوں کو قرب خدا کے مراتب پر پہنچانا ہے۔ اور میرزاسے اس طرح کی کرامتوں کا ظہور اظہر من الشمس ہے۔

حضرت میرزا کی وفات
جب میرزا مظہر کی عمر مبارک اسی (80) سال سے تجاوز کرگئی تو آپ پر رفیق اعلیٰ کا شوق غالب ہوا۔ آپ نے اپنے ایک خلیفہ ملا نسیم کو ان کے وطن رخصت کرتے وقت فرمایا کہ اس کے بعد ہماری تمہاری ملاقات معلوم نہیں ہوتی۔ یہ سن کر آپ کے خدام بہت روئے۔ ایک روز اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے اظہار میں فرمایا کہ ”اللہ تعالیٰ نے اپنی عنایت سے فقیر کے دل میں کوئی ایسی آرزو نہیں چھوڑی جو حاصل نہ ہوئی ہو، اس قادر مطلق نے فقیر کو اسلام حقیقی سے مشرف کیا، علم سے حصہ وافر دیا، نیک عمل پر استقامت بخشی، لوازم طریقہ یعنی کشف و تصرف و کرامات عنایت کیے، صالحین کو کسب فیض کے لیے بندہ کے پاس بھیجا، دنیا اور اہل دنیا سے علاحدہ رکھا، اب صرف شہادت ظاہری کے کوئی آرزو باقی نہیں۔ فقیر کے اکثر بزرگ شہید ہوئے ہیں مگر فقیر نہایت کمزور و ضعیف ہے اور قوت جہاد نہیں رکھتا، بظاہر اس مرتبہ کا حصول مشکل ہے۔“ لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کی یہ خواہش بھی پوری کردی اور آپ کو باطنی شہادت کے ساتھ ساتھ ظاہری شہادت سے بھی سرفراز فرمایا۔ قصہ شہادت کچھ یوں ہے کہ مغل بادشاہ شاہ عالم کے دور میں ایرانی شیعہ پارٹی نے اتنا عروج حاصل کیا کہ ایرانیوں کے قائد نجف خاں کو دہلی کی مسند وزارت پر فائز کرنا پڑا۔ نجف خاں کے بر سر اقتدار آنے سے جہاں بہت سے اختلافات پیدا ہوئے وہاں شیعہ سنّی جھگڑا بھی اپنے عروج کو پہنچا۔ اس دور میں علما اہل سنت کو خاصی پریشانی و تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، بالخصوص دو فعال ترین شخصیتوں یعنی شاہ ولی اللہ محدث دہلوی اورمیرزا مظہر کی خانقاہیں جو سنی طاقتوں کا مرکز تھیں، نجف خاں کے ظلم و ستم کا نشانہ بنیں۔ شاہ ولی اللہ کی جائداد کو ضبط کرکے شاہ عبدالعزیز دہلوی اور شاہ رفیع الدین کو دہلی سے پاپیادہ نکال دیا گیا۔ اب دہلی میں صرف مظہرکی ذات اقدس سنیوں کی داد رسی کے لیے باقی رہ گئی۔ بالآخر آپ کو بھی راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

7 محرم 1195ھ کو جب کہ کچھ ہی رات گزری تھی، چند آدمیوں نے مظہر کے دروازے پر دستک دی۔ خادم نے جاکر عرض کی کہ کچھ لوگ زیارت کے لیے آئے ہیں۔ آپ کی اجازت سے تین آدمی اندر آئے، ان میں سے ایک ایرانی نژاد مغل بھی تھا۔ آپ خوابگاہ سے نکل کر ان کے برابر کھڑے ہو گئے۔ مغل نے پوچھا کہ میرزا جان جاناں آپ ہیں، پس اس پر بدبخت ایرانی مغل نے طبانچہ کی گولی داغ دی جو آپ کے دل کے بائیں طرف لگی۔ آپ ناتوانی اور بڑھاپے کے باعث گر پڑے اور قاتل فرار ہو گئے۔ لوگوں کو خبر ہوئی تو جراح کو بلایا گیا۔ صبح نجف خاں نے ایک جراح کو بھیجا اور کہا کہ قاتل معلوم نہیں، اگر معلوم ہوگا تو قصاص جاری کیا جائے گا۔ آپ نے فرمایا اگر ارادہ الٰہیہ میں شفا ہے تو بہرصورت ہو جائے گی، دوسرے جراح کی ضرورت نہیں، اگر قاتل معلوم ہو جائے تو ہم نے معاف کیا تم بھی معاف کردینا۔ قاتلانہ حملہ کے بعد آپ تین روز زندہ رہے۔ اس حالت میں اپنا یہ شعر اکثر پڑھا کرتے تھے

بناکردند خوش رسمے بخاک و خون غلطیدن خدا رحمت کند ایں عاشقان پاک طینت را

غرض کہ دس محرم کو جسے شہادت کی رات کہا جاتا ہے، آپنے تین بار زور زور سے سانس لیا اور واصل بحق ہو گئے۔

آپ کے خلیفہ ملا نسیم کی خانقاہ واقع نور محل اوچ ریاست دیر صوبہ سرحد میں اب بھی وہ خون آلود کپڑے موجود ہیں جو آپ نے شہادت کے وقت پہن رکھے تھے۔ اس کے علاوہ وہ خون آلود دھجیاں بھی محفوظ ہیں جن سے حضرت کا خون پونچھا گیا تھا۔

آپ کی تجہیز و تکفین آپ کی اہلیہ محترمہ کی نگرانی میں ہوئی۔ آپ کو بی بی صاحبہ کی حویلی میں جو چتلی قبر دہلی سے متصل تھی دفن کیا گیا۔ آپ کے مزار مبارک جس چبوترے پر ہے اسی پر آپ کے ساتھ سلسلہ نقشبندیہ کی تین اور عظیم ہستیاں بھی محو خواب ہیں، یعنی شاہ غلام علی، شاہ ابو سعید مجددی اور شاہ ابوالخیر مجددی۔ خانقاہ کے موجودہ جانشین مولانا زید ابوالحسن فاروق نے اس چبوترے پر 1980ء میں ایک شاندار گنبذ تعمیر کروایا ہے۔

تصانیف
میرزا مظہر کی نہایت معروف زندگی تھی، لیکن اس کے باوجود آپ مطالعہ کتب میں مصروف رہتے تھے۔ مظہر کی جو تصانیف اب تک ملی ہیں وہ یہ ہیں

1. دیوان مظہر (فارسی)

2. خریطہ جواہر (فارسی کے معروف اور غیر معروف شعرا کے کلام کا انتخاب)

3. مکاتیب کے مختلف مجموعے

4. مجموعہ اردو اشعار

5. متفرق اور مختصر نثری تحریریں

6. ملفوظات[1]

سلسله شیوخ
حضرت شیخ مرزا مظهر جان جاناں شهید
حضرت شیخ سید نور محمد بدایوانی
حضرت شیخ حافظ محمد حسن
حضرت شیخ سیف الدین سرهندی
حضرت شیخ محمد معصوم عروة الوثقی
حضرت شیخ مجدد الف ثانی شیخ احمد سرهندی
حوالہ جات
http://urdu.islahulmuslimeen.org/urdu/silsila/29.htm


قطب شاہی علوی کھوکھر    میاں محمد یعقوب علوی بیروٹوی    دیوال    ڈھرنال    اعوان پورہ    اللہ یار خان    یوسف جبریل    ڈھوک اعوان    ٹی سی ایس کورئیر    Awan and Other Tribes Population    سلطان بازید محمد    چھنی تاجہ ریحان    بیروٹ    کھودے    غلام مرتضٰی ملک شہید    حکیم احمد الدین    بھرپور    واصف علی واصف    خواجہ شمس الدین سیالوی    ابوالفضل کرم الدین دبیر    حافظ غلام احمد    حافظ محمد مقبول الرسول للہی    قاضی شمس الدین    حضرت سلطان باہو    بابر افتخار    دیگر مسلم قبائل    غلام نبی للہی    اولمپیئن ملک محمد نواز    میجر جنرل تجمل حسین ملک    مل اعوان    مکھڈ شریف    محمد حمید شاہد    عبدالستار علوی    خواجہ زین الدین    شور کوٹ    ملک منور خان نامزد نشان حیدر    جبی    غلام اللہ خان    محمد جمال الدین ملتانی    حفیظ ماہی    محمد یار فریدی    مرزا عبدالقادر بیدل    غازی سید سالار مسعود    خواجہ امیر احمد بسالوی    محمد اکرم نشان حیدر    سلطان غلام دستگیر فخر کشمیر    کندوال    گنگ اعوان    خادم حسین رضوی    احسان الحق قادری    گنگال اعوان    سید حامد سبزواری    ردھانی    ائیر مارشل نور خان    اعوان دوسروں کے نکتہ نظر سے    مرزا مظہر جان جاناں    تریڑ اعوان برادری    بھمب اعوان    یاسین ملک    بھون    سعد حسین رضوی    ملک میاں محمد    ملک المدرسین عطا محمد بندیالوی    دامن مہاڑ    قاضی سلطان محمود    قاضی نور عالم    تاریخ اعوان    حزیر اعوان    خواجہ فضل الدین کلیامی    بھاگوال    حافظ دوست محمد للہی    چاہ اگرال    ملک پور    اعوان شریف    بلال آباد    ڈیرۂ اعوان    نور سلطان القادری    سلطان ریاض الحسن    مجوکہ    میاں صاحب قصہ خوانی    ڈھوک بدہال    مرجان اعوان    ڈھوک بازا    راستی بی بی    انور بیگ اعوان    خواجہ احمد خان میروی    پنڈوال    شیر محمد اعوان    محمد علی مکھڈوی    مشعال ملک    اوچھالی    سیلواں    موڑہ گنگال    شیر شاہ اعوان وکٹوریہ کراس    اعوان کڑی    سلوئی شریف    غازی ممتاز قادری    ڈھوک گنگال    اعوان جینیاتی تھیوری        اعوان کلاں    میاں محمد جیون    گھلی اعوان    خواجہ شمس الدین سید پوری    محمد عبیداللہ علوی    احمد ندیم قاسمی    سولنگی اعوان